نئی دہلی،24ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بری فوج کے سربراہ، فضائی فوج کے سربراہ اور بحریہ کے نائب سربراہ نے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔جموں کشمیر کے اڑی میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے پس منظر میں اس ملاقات کو اہم مانا جا رہا ہے۔بہر حال دفاعی ذرائع نے اس ملاقات کورسمی بتایا۔انہوں نے بتایا کہ مسلح افواج کے سربراہان نے مختلف مسائل پر بحث کرنے کے لئے وزیر اعظم کے ساتھ ماہانہ میٹنگ کی۔فوج کے سربراہ جنرل دلبیر سنگھ سہاگ، ایئر چیف مارشل اروپ راہا اور وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل کے بی سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔بحریہ سربراہ ایڈمرل سنیل لامبا شہر سے باہر ہیں۔گذشتہ اتوار کو اڑی میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد سے فوج کے سربراہ وزیر اعظم اور وزیر اعظم کے دفتر کے اعلی حکام سے کئی بار مل چکے ہیں۔اس حملے میں 18جوان شہید ہوئے تھے۔